متحدہ عرب امارات نے اسرائیل میں اپنا سفارتخانہ کھول لیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اسرائیل میں سفارت خانہ کھول لیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل کے شہر تل ابیب میں متحدہ عرب امارات کا سفات خانہ کھولنے کی تقریب منعقد ہوئی۔روزنامہ جنگ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سفارت خانہ کھولنے کی تقریب میں اسرائیلی صدر اسحٰق ہرزوگ بھی شریک ہوئے۔

عرب امارات کے سفیرنے اس موقع پر کہا کہ تل ابیب میں سفارت خانہ کھولنا دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کے لیے اہم سنگ میل ہے۔اسرائیل کے وزیرِ اعظم نفتالی بینیٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تاریخی معاہدہ ہوا ہے، اسے دیگر ممالک تک پھیلانا چاہیے ۔واضح رہے کہ اسرائیل کے نئے وزیرخارجہ یائرلاپیڈ متحدہ عرب امارات کے پہلے دوروزہ سرکاری دورے پر ابوظبی پہنچ گئے ۔انھوں نے اماراتی دارالحکومت میں ایک عارضی عمارت میں اسرائیل کے نئے سفارت خانے کا افتتاح کیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان معمول کے تعلقات کی بحالی کے بعد کسی اسرائیلی وزیرکا یواے ای کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وہ دبئی میں اسرائیل کے ایک قونصل خانے کا افتتاح بھی کرنے والے ہیں اور یو اے ای کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی تعاون سے متعلق ایک سمجھوتے پر دست خط کریں گے۔یائرلاپیڈ نے ابوظبی میں سفارت خانہ کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ اسرائیل اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ امن چاہتا ہے۔ہم کہیں جانے والے نہیں،مشرقِ اوسط ہمارا وطن ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم یہاں رہنے کے لیے ہیں۔ہم خطے کے تمام ممالک پر زوردیتے ہیں کہ وہ اس (حقیقت)کو تسلیم کریں۔یائرلاپیڈ نے گذشتہ سال یو اے ای اور بحرین سے معاہدہ ابراہیم طے کرنے پر سابق وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے کردار کو سراہا اور امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور موجودہ صدر جوبائیڈن کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے اسرائیل کو تسلیم کرنے والے عرب اور مسلم ممالک کے حلقے کو وسیع کرنے کا عزم ظاہر کیا ۔اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان لائرحیات نے بتایا کہ اسرائیل اور یواے ای کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق بارھواں سمجھوتا طے پارہا ہے۔یائرلاپیڈ دبئی میں نمائش 2020 کی جگہ پر بھی جائیں گے۔اس عالمی نمائش کا اکتوبر میں افتتاح ہوگا اور اسرائیل نے بھی اس میں اپنا ایک پویلین تعمیر کیا ہے۔اسرائیل نے ابوظبی میں اپنے نئے سفارت خانہ میں ابھی صرف تین سفارت کاروں اور مشن کے سربراہ ایتان نوح کا تقرر کیا ہے لیکن ان کے مکمل سفیر کے طور پر تقرر کی تصدیق نہیں کی ہے۔دبئی میں اسرائیل کا قونصل خانہ بھی عارضی جگہ پر قائم ہوگا اور اس کو بعد میں کسی مستقل عمارت میں منتقل کیا جائے گا۔

Sharing is caring!

Categories

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *