مریم نواز کے جلسے میں نوٹوں کی بارش لیگی کارکنان کرنسی روندتے رہے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)آزاد کشمیر کے ضلع ہٹیاں بالا میں منعقد مسلم لیگ ن کے جلسے میں نوٹوں کی بارش ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق کے مطابق مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت نے آزاد کشمیر کے ضلع ہٹیاں بالا میں جلسے کا انعقاد کیا، جس میں نائب صدر مریم نواز نے شرکت کی۔ نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق مریم نواز کی پنڈال آمد کے موقع پر قائدین نے 10، 10 اور 50 کے نوٹوں کی گڈیاں نچھاور کیں، جلسہ گاہ میں موجود دیگر کارکنان ان نوٹوں کو جمع کرنے میں مصروف رہے، جس کی وجہ سے دھکم
پیل بھی ہوئی۔ مسلم لیگ ن کے کارکنان کی روایت ہے کہ وہ قائدین کی آمد پر نوٹ نچھاور کرتے ہیں، جن کی بے حرمتی بھی ہوتی ہے کیونکہ یہ کارکنان کے پیروں میں آتے ہیں۔مریم نواز پر بھی کچھ نوٹ آکر گرے مگر وہ اس سارے منظر سے محظوظ ہوتی رہیں اور کسی کو قائد اعظم کی تصویر اور نوٹ کی تضحیک سے نہیں روکا۔ علاوہ ازیں کچھ لوگوں نے مریم نواز کے ہاتھوں100 ، 100 کے نوٹ بھی تھمائے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی کوشش کی مزاحمت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے لیے دی گئیں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قربانیوں کو بھولیں گے اور نہ ہی بھولنے دینگے،عمران خان جب کشمیر کا رخ کرنا تو اپنا نامہ اعمال بھی لے کر آنا۔آزاد جموں و کشمیر کے علاقے ہٹیاں بالا میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے کشمیر میں مہم چلانے کیلئے نہیں آنا پڑتا بلکہ کشمیر میرا گھر ہے، جس طرح نواز شریف کی رگوں میں کشمیر کا خون ہے، اسی طرح مریم نواز کے رگوں میں بھی کشمیر کا خون ہے، نواز شریف اور مریم نواز کا کشمیر کے ساتھ خون کا رشتہ ہے۔انہوں نے کہاکہ راجا فاروق حیدر نے قدم بڑھایا ہے اور اب آپ ساتھ دیں، انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کا کلچر تبدیل کرتے ہوئے وفاداری کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔عوام کے نعروں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ ہر جگہ یہ نعرہ لگاتے ہیں کہ بچہ بچہ کٹ مرے گا کشمیر صوبہ نہیں بنے گا تو اس نعرے کو پورا کرنے اور پایہ تکمیل تک پہنچانے اور کشمیریوں کی اس خواہش کو پورا کرنے کے نواز شریف اور راجا فاروق حیدر جیسے شیر چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان جیسے کشمیر فروش، بزدل انسان جو کشمیر کا مقدمہ ہار کر آیا، اس کا کام توڑنا ہے اور اب وہ کشمیر پر نظر لگا کر بیٹھا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ کشمیر پر نظر لگا کر بیٹھنے والو، ووٹ چوری کی عادت رکھنے والو، کشمیر کے ووٹوں پر اگر تم نے ڈاکا ڈالا تو یاد رکھنا اس دفعہ تمھارا مقابلہ شیر راجا فاروق حیدر کے ساتھ ہے، اگر تم نے کشمیریوں کا ووٹ چوری کرنے کی کوشش کی تو راجا فاروق حیدر تمہیں نہیں چھوڑے گا۔مریم نواز نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میرے وطن تیری جنت میں آئیں گے ایک دن، ستم شعار سے تم کو چھڑائیں گے ایک دن، ان شااللہ نواز شریف کی قیادت میں ایک دن چھڑائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *