ملک میں شدید لوڈ شیڈنگ کا خدشہ تربیلا ڈیم سے پیداوار 62 فیصد گر گئی‎‎

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)تربیلا ڈیم سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی کم ہونے سے ڈیم کے 17 میں سے 13یونٹس بند ہوگئے جبکہ پیداوار 62 فیصد گر گئی۔تفصیلات کے مطابق ارسا حکام کے مطانق یونٹس بند ہونے سے 4800 میگاواٹ سے زائد کی صلاحیت کے حامل ڈیم سے بجلی کی پیداوار 1800میگا واٹ رہ گئی ہے جبکہ ملک میں پن بجلی کی مجموعی پیداوار صرف 5 ہزار میگاواٹ ہے۔

نجی ٹی وی سماء کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار میں کمی سے شارٹ فال 3ہزار میگا واٹ سے زائد تک پہنچ گیا ہے۔ بجلی کی مجموعی طلب ساڑھے 23 ہزار میگا واٹ جبکہ پیداوار ساڑھے 20 ہزار میگا واٹ ہے۔گزشتہ 7روز میں آبی ذخائر میں 6لاکھ ایکڑ فٹ کمی ہوگئی۔دوسری جانب پاور ڈویژن نے آگاہ کیا ہے کہ کراچی ایل این جی پلانٹ بھی 29جون سے 6جولائی تک بند رہے گا۔دوسری جانب خان پورڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک گرنے کے بعد جڑواں شہروں میں پینے کے پانی کی سپلائی معطل ہونے کا اندیشہ ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کو پینے کا پانی فراہم کرنے والے خانپور ڈیم میں پانی کی سطح گر گئی ہے، ڈیم میں پانی کی سطح انتہائی کم ہونے کے بعد جڑواں شہروں کو پینے کے پانی کی سپلائی معطل ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ڈیم انتظامیہ کے مطابق خان پور ڈیم میں پانی کا لیول کم ہو کر 1928 فٹ رہ گیا ہے، ڈیڈ لیول 1910 فٹ ہے، جڑواں شہروں کو چند دن مزید پانی دے سکتے ہیں، اور اگر یہی صورتحال رہی تو کسی بھی وقت اسلام آباد اور راولپنڈی کوپینے کے پانی کی سپلائی معطل ہو سکتی ہے۔دوسری جانب ڈیم میں پانی کی آمد 84 کیوسک، اخراج 194 کیوسک ہے، خشک سالی کے باعث خان پور ڈیم پر سیاحوں کی آمد میں بھی کمی ہوئی ہے،، خان پور ڈیم پر چلنے والی کشتیاں بھی کنارے لگا دی گئی ہیں۔‎

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.