وفاقی کابینہ نے مزید 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی کابینہ نے مستقبل میں ملک میں گندم کی ضرورت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اور وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنانے کیلئے مزید 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے ،اسلم خان کو پی آئی اے کا نیا چیئرمین مقرر کرنے اور سرکاری اراضی کا قبضہ چھڑانے سے متعلق قانون سازی کرنے اور عاصم رؤف کو مزید 3 ماہ کے لیے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے

چیئرمین کے عہدے پر توسیع ، پبلک پراپرٹی انکروچمنٹ بل 2021کی منظوری اور سپریم کورٹ اسٹاف ہاؤسنگ کالونی کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن پارلیمنٹ سے پاس قانون پر عمل کرانے کا پابند ہے، الیکشن کمیشن حکام آئندہ انتخابات کو الیکٹرانک ووٹنگ پر منتقل کریں، آئین سے متصادم قوانین پر فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی، الیکشن کمیشن کا کام سیاست نہیں ، اگر کسی کو سیاست کرنی ہے تو پھر اپنی پارٹی بنا کر سیاست کریں،تحریک انصاف نے ہمیشہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی حمایت کی، پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ مخالفت کررہی ہیں ،سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ایک ہزار ارب روپے ملک میں آنا وزیراعظم پر اعتماد کا مظہر ہے،4لاکھ افرادروزانہ کی بنیاد پر ویکسین لگوا رہے ہیں،دنیا کورونا وباء سے نبرد آزما ہونے کی پاکستان کی کاوشوں کی معترف ہے۔ منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، ایجنڈے میں وفاقی کابینہ سرکاری املاک کے عوض ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری، وفاقی کابینہ چیئرمین پی آئی اے کی تعیناتی، ونڈ پاور منصوبے کے لیے منگوائی گئی کرینوں کی پوسٹ شپمنٹ انسپیکشن کا معاملہ، اسلام آباد کے زون 4 میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی منظوری، فیڈرل گورنمنٹ امپلائز ہاوسنگ اتھارٹی کی جانب سے کارلٹن ہوٹل کراچی کی زمین کا استعمال،

تجاوزات کے خلاف پبلک پراپرٹی بل 2021 ، سپریم کورٹ سٹاف ہاوسنگ کالونی کی تعمیر کی منظوری اور لگزمبرگ کے ساتھ دہری شہریت کا معاملہ شامل تھا۔کابینہ اجلاس کے بعد نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کاکہ اس مرتبہ ملک میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے اس کے باوجود درآمد کرنے کی منظوری اس وجہ سے دی گئی ہے کیوں کہ ہماری آبادی تیزی سے بڑھنے کی

وجہ سے ہماری ضرورت بڑھ گئی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ اس سے قبل 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کی اجازت دی گئی تھی۔انہوںنے کہاکہ کابینہ میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ ہمارے ملک کی آبادی بڑھنے کی رفتار اتنی تیز ہے کہ فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہونے کے باوجود ہماری ضرورت بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر صورت سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کے عمل میں شامل کرنا چاہتے ہیں، نہ جانے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمندر پار پاکستانیوں سے

کیوں اتنے خوفزدہ ہیں شاید انہیں یہ لگتا ہے کہ یہ سب عمران خان کے ووٹر ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا معاملہ بھی اسلیے رکا ہوا ہے کیوں یہ جماعتیں بیرونِ ملک مقیم 80 لاکھ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دینا چاہتیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ آج ہماری معیشت کی 4 فیصد کی شرح سے ترقی کرنے کی بڑی وجہ سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر ہیں

جنہوں نے پاکستانی معیشت جو بالکل بدل کر رکھ دیا۔انہوںنے کہاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک ہزار ارب روپے سے زیادہ کی ترسیلات زر بھجوائیں جن میں 90 فیصد سے زیادہ وہ 500 ڈالر سے کم رقم کی تھیں، اگر وہ ابھی بھیج سکتے ہیں تو پہلے کیوں نہیں بھیجے وہ اس لیے کہ آصف زرداری، نواز شریف پر انہیں اعتماد نہیں تھا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے نان ایگزیکٹو اراکین میں سے اسلم خان کو قومی ایئر لائن کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلامک بینکنگ کو فروغ دینے کے حوالے سے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل اجارہ سکوک کے بروقت اجرا کی غرض سے اثاثے بروئے کار لانے کی تجویز بھی منظور کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اکثریت سود پر قرض لینا برا سمجھتے ہیں تو اسلامی نظام سے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ بلاسود قرض لیا جاسکتا ہے اس لیے اجارہ سکوک کے نظام سے اسلامی بینکنگ کو مقبولیت ملے گی

اور ہم قرضہ لینے کے لیے اپنے ناقابل استعمال اثاثوں کو بھی استعمال کرسکیں گے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ ماضی میں بینکوں کی جانب سے قرض معاف کروانے یا قرض کی مد میں بینکوں کو ہونے والے نقصان سے متعلق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کابینہ میں پیش کرنے کا ایجنڈا مؤخر کردیا گیا کیوں کہ جن افراد نے قرضے معاف کروائے ان کے نام ہی پڑھے نہیں جارہے تھے۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کارٹن ہوٹل کراچی کی اراضی کی منتقلی کا معاملہ بھی ایک ہفتے کے لیے مؤخر کیا گیا ہے

اور ممنوعہ اسلحے کے لائنسنس کے اجرا کی درخواستوں پر غور کا معاملہ بھی مؤخر کیا گیا تا کہ وزارت داخلہ اس سے متعلق قواعد مکمل کرلے اور پھر لائسنس جاری کیے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ لیکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کو دوہری شہریت رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے ایک انتہائی اہم قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت سرکاری اراضی پر ناجائز قبضوں کے تدارک کے لیے پبلک پراپرٹی ریموول آف انکروچمنٹ بل 2021 پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ قانون کے تحت وفاقی حکومت کا مجاز افسر سرکاری اراضی پر قابض افراد کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرے گا اور غیر تسلی بخش جواب کی صورت میں اراضی کی واگزار کا اقدام کرنے کا مجاز ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اس قانون میں غیر قانونی طور پر قابض عناصر کے لیے سزا اور جرمانے کی تجویز بھی رکھی گئی ہے اور اس سلسلے میں

خصوصی اپیلیٹ ٹریبونل تشکیل دیا جائے جو 30 روز میں لوگوں کی درخواستوں کا فیصلہ کرے گا۔وزیر اطلاعات نے بہت سے مقامات پر وفاقی حکومت کی بہت قیمتی اراضی پر قبضہ ہے جنہیں واگزار کروانے کا یہ نیا طریقہ کار متعارف کروایا جائے گا اور ایکشن نہ لینے پر متعلقہ ایس ایچ او کو بھی سزا دی جاسکے گی۔انہوں نے بتایا کہ عاصم رؤف کو مزید 3 ماہ کے لیے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے چیئرمین کے عہدے پر توسیع کی منظوری دی ہے۔

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.