حسن علی نے وسیم اکرم سمیت کئی بائولرز کے ریکارڈ توڑ دیے

ہرارے (مانیٹرنگ+ آن لائن ) زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں حسن علی نے 12 ٹیسٹ میچز میں پچاس وکٹیں حاصل کرنے کا سنگ میل عبور کرکے وسیم اکرم سمیت متعدد بائولرز کے ریکارڈ توڑ دیے۔ اس سے قبل زمبابوے کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ میں شاہین آفریدی نے 16 ویں ٹیسٹ میچ میں پچاس وکٹیں حاصل کرکے وسیم اکرم کا ریکارڈ برابر کیا تھا لیکن اب حسن علی نے وسیم اکرم اور شاہین شاہ آفریدی کا یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 116 رنز سے شکست دیکر سیریز

میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ ہرارے میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے کھیل کا آغاز کیا تو اس نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنائے تھے اور اسے پہلی اننگز میں 198 رنز کی برتری حاصل تھی۔ پاکستان کو 395 کے مجموعے پر اوپر تلے دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا اور حسن علی جبکہ نعمان علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی نویں وکٹ 412 کے مجموعی سکور پر گری اور ساجد خان 7 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ قومی ٹیم کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فواد عالم تھے جنہوں نے 204 گیندوں پر 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستان کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 426 رنز بنائے اور میزبان ٹیم پر 250 رنز کی برتری حاصل کی۔زمبابوے کے بلیسنگ موزاربانی نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، دونلڈ ٹریپانو نے 3، رچرڈ ناراوا نے 2 جبکہ ٹینڈائی چسارو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔زمبابوے نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں کیون کسوزا آؤٹ قرار دیے گئے۔ سکور میں 20 رنز کے اضافے سے ملٹن شمبا صرف 4 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی وکٹ بن گئے۔ کپتان برینڈن ٹیلر اور تریسل مساکانڈا نے سکور کو 92 تک پہنچایا ہی تھا کہ وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں مساکانڈا کی 43 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی ،پہلا میچ کھیلنے والے روئے کائیا کھاتا کھولے بغیر ہی چلتے بنے۔ٹیلر اور ریگس چکابوا نے 22 رنز جوڑ ہی تھے کہ نعمان نے میزبان ٹیم کے کپتان کی 29 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ اس مرحلے پر حسن علی نے شاندار سپیل کرتے ہوئے یکے بد دیگر4 وکٹیں حاصل کر کے زمبابوے کو شکست سے دوچار کردیا۔ پرنس مسوورے بیٹنگ کے لیے نہ آ سکے اور اس طرح زمبابوے کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 134 رنز پر ڈھیر ہو کر اننگز اور 116 رنز کی اننگز کی شکست سے دوچار ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں لیتے ہوئے میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں۔ گزشتہ روز قومی ٹیم نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فواد عالم کی سنچری کی بدولت 198 رنز کی برتری حاصل کر کے میچ پر گرفت مضبوط کر لی تھی۔ خیال رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 176 رنز پر آؤٹ کر دیا تھا۔ حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 4، 4 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ نعمان علی ایک وکٹ حاصل کر پائے تھے۔

Sharing is caring!

Categories

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *