پی ڈی ایم کو کیسے ختم کیا جاسکتا ہے؟ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کاحیران کن دعویٰ

راولپنڈی (این این آئی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پی ڈی ایم کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو مت تھکائیں، دو مہینے بعد آپ کا وہی حشر ہو گا جو الیکشن کمیشن کے باہر ہوا،کشمیر کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتا ہوں، کشمیر کی جدوجہد آزادی میں لال حویلی کا ایک کردار ہے،راولپنڈی غیرتمندوں کا شہر ،کشمیر کی آزادی کیلئے ہمہ وقت تیار ہے،ہمیں یوٹرن کا طعنہ

دینے والے خود اباؤٹ ٹرن لیتے ہیں،جس اسمبلی پر مولانا فضل الرحمن نے لعنت بھیجی آج اسی اسمبلی سے اپنے اراکین کیلئے ووٹ مانگنے جائینگے،لانگ مارچ میں اپوزیشن کیلئے رکاوٹ نہیں بننا چاہتے مگر قانون کو ہاتھ میں لیا گیا تو وہ سلوک کرونگا تاریخ یاد رکھے گی،فضل الرحمن سمجھدار آدمی ہیں، کن بچوں کے گھیرے میں آگئے ہیں، آصف زرداری کی ضمانت کنفرم ہے ، کیس کراچی بھیجنے پر ان کیخلاف شہادت کون دے گا،دین کی طاقتوں کو حکومت کیخلاف استعمال نہیں ہونے دوں گا،ناموس رسالتؐ کا سپاہی ہوں۔راولپنڈی میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد آزادی میں لال حویلی کا ایک کردار ہے جب بھی پاکستان پر وقت آیا تو لال حویلی اپنی عظیم افواج کے قائد قمر جاوید باجوہ اور دوسرے لوگوں کے ساتھ مل کر اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر پاکستان کا دفاع کریگی ۔انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کے ساتھ ہندوستان میں جو سلوک کیا جا رہا ہے اور میں کشمیریوں کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ راولپنڈی شہر کا تعلق چاہے کسی پارٹی سے کیوں نہ ہو لیکن یہ غیرتمندوں کا شہر ہے اور کشمیر کی آزادی کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آپ کہا تھا کہ یہ استعفے نہیں دیں گے، اچھی بات ہے مت دو، میں نے آپ سے کہا تھا کہ یہ سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے لیکن مجھ دکھ ہے کہ جس اسمبلی پر مولانا فضل الرحمن نے لعنت بھیجی ہے، آج اسی اسمبلی سے اپنے اراکین کیلئے ووٹ مانگنے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمیں کہتے ہیں یوٹرن لیتے ہیں لیکن تم تو ‘اباؤٹ ٹرن’ لیتے ہو، ہمیں یوٹرن کا طعنہ دینے والو تم تو خود اباؤٹ ٹرن لیتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ لانگ مارچ 26مارچ تک لے گئے ہیںٹھیک ہے آ جائیں۔انہوں نے کہا کہ میری بحیثیت وزیر داخلہ پوری کوشش ہو گی کہ ہم آپ کے راستے میں کوئی رکاوٹیں کھڑی نہ کریں لیکن اگر آپ نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو یاد رکھنا آپ سے

وہ سلوک کروں گا کہ تاریخ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ آپ ہمارے سیاسی مخالف ہیں لیکن ہم آپ سے کہنا چاہتے ہیں کہ 26 مارچ میں دو مہینے پڑے ہیں، ہم اپوزیشن کیلئے کوئی رکاوٹ کا باعث نہیں بننا چاہتے ہیں۔وزیر داخلہ نے اپوزیشن جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تین سال گزرنے والے ہیں، ایک سال کے بعد الیکشن مہم شروع ہو جائیگی، کیا تم اس ملک میں سیاسی انتشار پھیلانا چاہتے ہو۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن آپ کن بچوں کے گھیرے میں آ گئے ہیں، آپ اچھے بھلے سمجھدار آدمی ہیں، آپ دیکھیں آصف زرداری کتنا بڑا گرو نکلا ہے، ان کی ضمانت کنفرم ہے کیونکہ اس نے کہا ہے کہ کیس کراچی بھیج دو ،اگر آصف زرداری کے کیس کراچی جائیں گے تو کون ان کیخلاف شہادت دے گا کیونکہ جب یہ جیل میں تھے تو سارے پاکستان کے بدمعاشوں کا نیٹ ورک اس نے بنایا ہوا تھا،

جیلوں کا نیٹ ورک اس نے بنایا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے دکھ اس بات کا ہے کہ مسلم لیگ(ن) گھیرے میں ہے، آج شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے، یہ جیل جاتے ہیں تو ان کی صحت خراب ہو جاتی ہے، جیل ان کو راس نہیں آتی، یہ اپوزیشن میں ہوں تو ان کا دل کرتا ہے کہ باہر جائیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر آج مریم بی بی کو باہر جانے کی اجازت دے دی جائے تو ساری پی ڈی ایم ختم ہو سکتی ہے،

میں سارے پاکستان کو چیلنج کرتا ہوں، ایک ہی مطالبہ ہے کہ ہمیں بھی جانے دو۔ انہوں نے کہا کہ تم عمران خان کی حکومت پر ختم نبوتؐ کا طعنہ دیتے ہو، شرم کرو، اس پاکستان میں کوئی شخص ثابت کرو جس نے اللہ کے نبی اور ناموس رسالتؐ کیلئے مجھ سے زیادہ جیل کاٹی ہو تو جو چور کی سزا وہ میری سزا۔انہوں نے کہا کہ میں دین کی طاقتوں کو حکومت کیخلاف استعمال نہیں ہونے دوں گا، تحریک لبیک

اور میرا مشن ایک ہے، میں ناموس رسالتؐ کا سپاہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور (ن) لیگ نے تحریک نبوتؐ کے خلاف اسمبلی میں ووٹ دیا، اگر یہ غلط ثابت ہو تو مجھے پکڑ لو۔وزیر داخلہ نے پی ڈی ایم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ چار مہینوں سے قوم کا وقت ضائع کررہے ہیں اور بند گلی میں داخل ہیں، بالآخر ہم سے مذاکرات کرنے ہی پڑیں گے ،پی ڈی ایم کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اور ہم سے مذاکرات کریں، لوگوں کو مت تھکائیں، دو مہینے بعد آپ کا وہی حشر ہو گا جو الیکشن کمیشن کے باہر ہوا۔

Sharing is caring!

Categories

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *