تمام مزارات کھولنے کا حکم

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت سندھ نے صوبے میں تمام مزارات اور درگاہیں کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کورونا کے باعث بند مزارات کو کل سے زائرین کے لیے ایس او پیز کے تحت کھولا جائے گا۔مزار قلندر کی صفائی ستھرائی کا کام بھی جاری ہے اور کل سے قلندر کی نگری سیہون شریف میں دوبارہ قلندری دھمالیں گونجیں گی۔وزیر اوقاف سندھ کی ہدایت پر محکمہ اوقاف نے

لعل شھباز قلندر کی مزار کو زائرین کیلئے کھولنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق محکمہ اوقاف کے مطابق زائرین کیلئے فیس ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے جبکہ مزار قلندر پر واک تھرو سینیٹائیزر گیٹ بھی نصب کیئے جائیں گے جہاں سے زائرین کو گزرنا ہوگا۔قلندر کی مزار پر زائرین کیلئے سماجی فاصلہ رکھنا بھی لازمی ہوگا جس پر عمل درآمد کیلئے 100 پولیس اہلکار اور 25 لیڈیز اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔قلندر کی مزار کھلنے کے بعد کل سے سیہون شریف میں دمادم مست قلندر کی صدائیں بلند ہوجائیں گی اور قلندری دھمال بھی لگائی جائے گی۔سندھ میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر صوبے بھر کی درگاہوں اور مزارات کو نومبر میں زائرین کے لیے بند کر دیا گیا تھا،چیف ایڈ منسٹریٹر محکمہ اوقاف سندھ کی جانب جاری سرکلر کے مطابق صوبے بھر میں مزارات اور درگاہوں پر پابندی 31 جنوری 2021 تک لگائی گئی تھی۔چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف کے مطابق سندھ بھر میں 78مزارات کو زائرین کےلیے بند کیا گیا تھا۔

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.